ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو پب میں چل رہی کالج طلبہ کی پارٹی میں مبینہ طور پر گھس پڑے بجرنگ دل کارکن، کیا پارٹی کو بیچ میں ہی روکا گیا ؟

منگلورو پب میں چل رہی کالج طلبہ کی پارٹی میں مبینہ طور پر گھس پڑے بجرنگ دل کارکن، کیا پارٹی کو بیچ میں ہی روکا گیا ؟

Tue, 26 Jul 2022 12:45:23    S.O. News Service

منگلورو،26؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) 2009 میں ایک پب پر شدت پسند تنظیموں کے کارکنوں کی غنڈہ گردی  کا معاملہ پوری نیشنل میڈیا میں چھاگیا تھا، اسی طرح کی واردات اب اُسی پب میں پھر ایک بار پیش آئی ہے اور مبینہ طور پر  بجرنگ دل کے  بعض کارکنوں نے پب کے اندر گھس کر  چل رہی پارٹی کوگالیاں دے کر زبردستی روک دیا ہے۔ واقعہ پیر کی رات کو پیش آیا۔

ذرائع سےملی اطلاع کے مطابق شہر کے بالمٹّا  میں واقع   پب میں کالج کے طلبہ  الوداعی پارٹی کر رہے تھے، جب بجرنگ دل کے کئی کارکنان پب میں گھس گئے اور  پارٹی کرنے والوں کو  گالیاں دیتے ہوئے  انہیں زبردستی تقریب روکنے کے لئے کہا، بتایا گیا ہے کہ  کارکنوں نے طلباء کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔

میڈیا میں آئی رپورٹ کے مطابق بجرنگ دل کے ضلعی سربراہ شرن پمپویل نے بتایا کہ کچھ دن پہلے کالج کے کچھ طالب علموں کا ایک "فحش" ویڈیو وائرل ہوا تھا، اور پب میں پارٹی کرنے والے طلباء کا تعلق اسی ادارے سے تھا۔ اس لیے ہمارے کارکن پارٹی کو روکنے کے لیے پب میں گئے تھے۔

تاہم میڈیا سے بات کرتے ہوئے منگلورو  کے پولیس کمشنر سشی کمار نے بتایا  کہ ، "بالمٹّا  میں ری سائیکل ریستوراں کم پب کئی سالوں سے کام کر رہا ہے۔ پیر کو رات 9 بجے ایک ہندو تنظیم کے پانچ سے چھ  کارکن  پب میں گئے۔ انہوں نے پب میں موجود  باؤنسر دنیش کو بتایا کہ پب میں نابالغ لڑکے اور لڑکیاں ہیں۔ دنیش نے اس معاملے کی اطلاع منیجر کو دی اور منیجر نے اندر جا کر چیک کیا۔

مینجر نے اندر جاکر دیکھا تو  پایا کہ ایک مقامی کالج کے چند طالب علم تھے۔ جب مینیجر نے طلباء کو باہر جانے کو کہا تو وہ پب سے نکل گئے۔ باؤنسر دنیش  کے بیان کے مطابق ہندو کارکن  پب کے اندر نہیں گئے۔ انہوں نے صرف پب کے باہر دنیش سے بات کی اور چلے گئے۔

 پولس کمشنر نے بتایا کہ اگر بجرنگ دل کے خلاف  ری سائیکل پب کے مالک یا متاثرہ طلباء کی طرف سے شکایت ملتی ہے  تو ہم قانونی کارروائی کریں گے۔ کمشنر نے  کہا کہ "ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے  بھی  تصدیق کریں گے ۔ ہم نے منیجر اور پب میں موجود دنیش  باؤنسر کے بیانات لیے ہیں۔ باہر کے لوگوں کو پب کے احاطے میں داخل ہونے اور چیزوں پر سوال کرنے  کی اجازت  نہیں ہے۔ متعلقہ اتھارٹی کے علاوہ کسی اور  کو شناختی کارڈ اور لائسنس مانگنے کا حق نہیں ہے۔ ہم ان  تمام نکات پر غور کرنے کے بعد کارروائی کریں گے۔

کمشنر  نے بتایا "جو طلباء پب  میں گئے  تھے وہ آخری سال کی ڈگری کے طالب علم تھے۔ پب کے قوانین کے مطابق 21 سال سے  زائد  عمر کا کوئی بھی شخص  پب  میں داخل ہو سکتا ہے۔ لہذا ہم معلومات اکٹھا کریں گے اور اُسی کی مناسبت سے کارروائی کریں گے۔ "


Share: